انتخابی مہم چلانے کی اجازت دی جائے، تحریک انصاف کا چیف جسٹس کو خط

تحریک انصاف نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو شکایتی خط لکھا۔خط میں تحریک انصاف کے خلاف مقدمات کا حوالہ بھی دیا گیا۔

خط میں پی ٹی آئی نے چیف جسٹس پاکستان کو آگاہ کیا کہ عام انتخابات کا اعلان ہونے کے باوجود پارٹی کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جارہی، جان بوجھ کر رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔

خط کے مطابق پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ چیف الیکشن کمشنر کو پابند کیا جائےکہ وہ تحریک انصاف کو برابری کی سطح پر مہم چلانے میں کردار ادا کرے، کارکنان اور رہنماوں پر جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، اعلیٰ عدالتوں کے واضح حکم کے باوجود رہنماوں کو دوبارہ گرفتار کیا جارہا ہے، سیاسی وابستگی تبدیل کرائی جارہی ہیں۔خط کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں سے زبردستی پریس کانفرنسز بھی کروائی جارہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں