پاکستان میں اقلیتوں کوتمام تر حقوق حاصل ہیں،صدرمملکت ،وزیراعظم

اسلام آباد:صدرمملکت آصف علی زردرای،وزیراعظم شہباز شریف ،وفاقی وزرا ،پاک فوج اور سیاسی و سماجی رہنماوں نے اقلیتوں کو ان کے دن پرمبارک باد پیش کی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات اور رنگ و نسل کی تفریق کے بغیر آزادی سے زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردارکے اعتراف میں یہ دن مناتے ہیں، اقلیتوں کے حقوق و مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائداعظم کے 11 اگست47 کے وعدے پر قائم رہیں گے، اقلیتوں کوآئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔

صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طورپر تسلیم کرتا ہے، ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اقلیتوں کے لیے نشستیں مختص ہیں، اقلیتی طلبا کو وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت اور دیکھ بھال کی فنڈنگ کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے مذہبی،سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، ہرپاکستانی کو مذہب،ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، ہرپاکستانی کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اورانہیں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع دےگا، یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں سروسز چیفس کی جانب سے بھی پاکستان کی اقلیتوں کو مبارکباد پیش کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ملکی ترقی میں اقلیتوں کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قائداعظم نے 11 اگست 1947 کو اقلیتوں کیلئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کے حوالے سے عملی اقدامات کررہی ہے، آئین کی روشنی میں اقلیتی برادری کیلئے مساوی حقوق یقینی بنارہی ہے، اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت اقلیتوں کے بنیادی حقوق، عزت، جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قوم کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابل فراموش ہے، آج کا دن تنوع، شمولیت اور بقائے باہمی، ہماری عظیم قوم کا خاصا ہے، اقلیتی برادریاں ہمارے سماج کا ناگزیر اور اہم ترین حصہ ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے پیغام میں کہا گیا کہ اقلیتوں کے حقوق اور آزادیاں مقدس ہیں جوآئین اور اسلام کے مطابق ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں