وزیراعظم کامرادعلی شاہ کے بیان پراظہارناراضی

اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 200 سے 500 یونٹ تک بجلی صارفین کوریلیف دیا، باقی صوبے بھی اپنے صوبے کے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دے سکتے ہیں لیکن بعض جگہوں سے ایسی باتیں سننے کو ملیں جن سے افسوس اور دکھ ہوتا ہے۔

کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ صوبائی حکومتوں نے بھر پور کوششیں کیں اور بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کیے، حالیہ بارشوں سے جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، این ڈی ایم اے نے بہت اچھا کام کیا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی تین سال کے مقابلوں میں کم ترین سطح پر ہے، اس کو مزید کم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر کے نقصانات میں کمی لانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں اور بجلی چوری کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیاجارہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ این ایف سی کے تحت صوبوں کو 60فیصدحصہ جاتاہے، صوبوں کے پاس ترقیاتی بجٹ کافی ہوتا ہے، ہمیں سمجھداری اوراحتیاط کیساتھ معاملات کوحل کرناچاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ بجلی کے مسئلے کا دیرپا حل ڈھونڈ رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کی طرح کوئی جاہلانہ قدم نہیں اٹھائیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوچکا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ اعلان کیا تھا کہ پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ 14 روپے کمی کردی ہے۔اس اعلان پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نام لیے بغیر پنجاب حکومت پر تنقید کی اور کہا تھاکہ عجیب و غریب اعلانات سے ہم پریشانی میں آجاتے ہیں، ان بیوقوفی کے اعلانات کا کیا جواب دیں؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں