بجلی صارفین کو پری پیڈ میٹرز فراہم کرنے کاحکومتی منصوبہ

ملتان:وفاقی حکومت بجلی صارفین کوپری پیڈمیٹرزفراہم کرنے کے منصوبے پرغوری کررہی ہے۔وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے ہوں گے۔ میپکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ہم نئے بورڈز کے ذریعے کمپنی میں صارف کو بہتر عزت دیں گے، عام آدمی بھی ہمارے سسٹم میں کسی کام کے لئے کال کرے گا تو اسے جلد رسپانس ملے گا۔اویس لغاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں میں تبدیلی حکومت اور آئی پی پیز کے اتفاق سے ہی ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر پاور ڈویڑن نے کہا کہ کیپسٹی پیمنٹ آئی پی پیز لگاتے وقت لیے گئے قرض، سود اور ریٹرن آن ایکویٹی کو کہتے ہیں۔وزیر توانائی نے کہا کہ ڈسکوز کو اختیار ہوگا کہ چاہے کسی کو رکھیں یا نکالیں، ہمیں رزلٹ چاہیے جب کہ پنجاب حکومت کے دیے گئے ریلیف پر بجلی کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایک یونٹ کی بھی قابل برداشت نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی چوری ریاست اور عوام کےلیے برداشت کے قابل نہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ اس سال چوری کے نقصانات کم ہوں، میپکو ریجن میں 15.6 فیصد بجلی چوری ہے اسے ختم کرنا ہدف ہے، بجلی چوری ختم کرنے پر کمپنیوں کو فری ہینڈ دیں گے۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 45 ارب روپے سے 200 سے 500 یونٹ صارفین کو ریلیف دیا ہے جسے عوام تک پہنچائیں گے، شرح سود کم اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے، اس کا کیپسٹی پیمنٹ پر فرق پڑے گا جس سے ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی۔وفاقی وزیر برائے توانائی نے مزید کہا کہ بجلی صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں