اسلام آباد :وفاقی حکومت نے ملک بھرکی تمام پورٹس پر کسٹمز آپریشنز کو کرپشن فری بنانے کافیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹائز یشن ہماری معاشی بقا کا مسئلہ ہے، تمام پورٹس پر کسٹمز آپریشنز کو شفاف اور کرپشن فری بنانے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کیے جائیں،صنعتوں اور مصنوعات کو تحفظ دینے کے لیے انڈر انوائسنگ کا خاتمہ کیا جائے، کسٹمز ڈیوٹی کے بھرپور نفاذ کے لیے جدید ٹیکنالوجی،مصنوعی ذہانت اور آلات کا استعمال کیا جائے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے اپنی زیر صدارت پاکستان کسٹمز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اجلاس میں کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسٹمز آپریشنز میں حائل تمام تر غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں۔
اجلاس پاکستان کسٹمز کے امور اور اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔ دوران بریفنگ بتایا گیا کہ پاکستان کسٹمز کے معاملات مکمل طور پر خودکار نظام پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ کسٹمز نظام میں اصلاحات کے لیے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جا چکی ہیں۔کسٹمز نے ویلیو ایشن کنٹرولز کے ذریعے 240ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کیا جو گزشتہ سال سے 80 فیصد زیادہ ہے۔