دھونس، دھاندلی، بدترین الیکشن: سیاسی جماعتیں شدید ناراض، احتجاجی تحریک، دھرنوں کا اعلان کردیا

عام انتخابات پر مختلف سیاسی جماعتوں کا ردعمل آگیا، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی، تحریک لبیک پاکستان نے الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت پر عام انتخابات میں ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کا الزام لگادیا۔

تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کا کہنا ہےکہ ہمارے پاس فارم 45 کی صورت ثبوت موجود ہیں، جیتی ہوئی سیٹوں پر ہروایا گیا، فارم 45 کو فارم 47 میں تبدیل کرکے عوامی مینڈیٹ پر بڑا ڈاکہ ڈالا گیا، متنازع اور بدترین سلیکشن کے خلاف عدالت جائیں گے، اپنا حق لئے بغیر خاموش نہیں رہیں گے۔

ادھر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہےکہ کراچی میں شہریوں نے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو تاریخی ووٹ دیئے، بلدیاتی الیکشن کی طرح عام انتخابات میں بھی ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو شہر میں 5 فیصد ووٹ بھی نہیں ملے لیکن اس کے باوجود انہیں کراچی پر مسلط کیا جارہا ہے، تاریخ کے بدترین دھاندلی زدہ الیکشن کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے ساتھ دھرنے بھی دیئے جائیں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مطابق عام انتخابات میں منظم منصوبہ بندی کے تحت عوام کے ووٹ کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا، الیکشن کمیشن پُرامن اور شفاف الیکشن کرانے میں بری طرح ناکام ہوگیا۔

تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد رضوی نے بھی الزام لگاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگراں حکومتوں نے قوم کا پیسہ اور وقت کیوں برباد کیا؟ لاڈلے کو لانے کیلئے الیکشن کے نام پر بھرپور سلیکشن کی گئی، راتوں رات نتائج تبدیل کرکے قوم کا مذاق اڑایا گیا۔

پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی بھی پیچھے نہ رہے، پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے 6 صوبائی اور 3 قومی اسمبلی نتائج میں جیت کو ہار میں تبدیل کیا گیا، آج 12 بجے تک اصل نتائج جاری نہیں کئے گئے تو احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں