کراچی میں پولیس کی موبائل میں ڈکیتی کا ایک اور واقعہ، ڈی ایس پی کا بیٹا ملوث نکلا۔
گلشن اقبال 13 ڈی میں پان شاپ میں پولیس موبائل میں کی جانے والی ڈکیتی میں ڈی ایس پی لیگل ظفر کا بیٹا ملوث نکلا، جس کےبعد اے وی سی سی کی ٹیم ڈی ایس پی کے گھر پہنچی اور ڈی ایس پی سمیت ان کے بیٹے کو بھی حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا۔
واردات کا مقدمہ پان شاپ کے مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ متن کے مطابق 12 جون کو دوبارہ رات 11 بجے پولیس موبائل میں سوار 3 افراد نے واردات کی، ملزمان نے 50 ہزار مالیت کے سگریٹ اور 15 ہزار روپے لوٹ لئے۔
متاثرہ دکاندار شاہ زیب مغل نے کہا کہ لوٹ مار کےبعد مجھے پولیس موبائل میں بٹھایا گیا، گلشن چورنگی پر جیب سے بھی 10 ہزار روپے نکال لئے اور موبائل سے اتار دیا، پولیس موبائل کی پچھلی نمبر پلیٹ نہیں تھی۔
ادھر واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، ویڈیو میں پولیس موبائل کو کیبن کے سامنے کھڑے دیکھا جاسکتا، سادہ لباس شخص باہر کھڑا رہا جب کہ دوسرا ملزم دکان کے اندر سے نقد رقم، سگریٹ سمیٹ کر شاپر میں ڈالتا رہا، سادہ لباس شخص کا چہرہ واضح، دوسرے نے ماسک لگا رکھا۔