لاہور:پنجاب میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن آمنے سامنے آگئی ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سینئر رہنما پیپلز پارٹی حسن مرتضیٰ کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے ردعمل میں کہا کہ ایک طرف حکومت پنجاب سے بات جبکہ دوسری طرف عوام کو ریلیف کے خلاف بول رہے ہیں، آپ کو پنجاب کے لوگوں کو ملنے والے ریلیف کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، آپ ریلیف کے خلاف بات کر کے اپنی ساکھ مزید خراب کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز 400 ارب روپے سڑکوں پر بھی لگا رہی ہیں جبکہ بجلی کے بلز بھی کم کر رہی ہیں، صوبے میں گھر بنانے کیلیے 15 لاکھ روپے تک قرضے بھی مل رہے ہیں جبکہ دوائی بھی مل رہی ہے اور اسپتال بھی بن رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ہارے ہوئے شخص کو پنجاب میں ہوتی ترقی کیوں نظر نہیں آتی یہ سمجھ سے باہر ہے، آپ ایوان سے باہر لیکن پنجاب میں ہی تو رہتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے حسن مرتضیٰ نے گزشتہ روز (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ عوام کو صوبائی حکومت نے 2 مہینے کا ریلیف بجلی بلوں میں دیا، بلوں پر عارضی ریلیف سے بہتر تھا سڑکوں کو بہتر کیا جاتا، عوام کو حقیقی ریلیف تک اس حکومت کو چلنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ تاثر دیا جا رہا ہے پی پی شاید حکومت میں حصہ مانگ رہی ہے اور افسر شاہی لانا چاہتی ہے لیکن یہ تاثرغلط ہے کہ پی پی مقاصد کے حصول کیلیے حکومت کو ٹف ٹائم دے رہی ہے، ہم اتحادی حکومت کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، دونوں جماعتوں کا فوکس عام آدمی کی پریشانی پر ہے۔