اسلام آباد: وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال 25-2024 کے دوران 8500 ارب روپے قرض لینے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال میں 92 فیصد قرض مقامی ذرائع اور 8 فیصد بیرونی ذرائع سے حاصل کیا جائے گا، مقامی ذرائع سے قرض حاصل کرنے کے لیے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز، اجارہ سکوک جاری کیا جائے گا، مقامی فنانسنگ کے لیے 3 ماہ، 6 ماہ اور 12 ماہ کے لیے شارٹ ٹرم کے لیے ٹی بلز کا اجرا نہیں کیا جائے گا۔
رواں مالی سال کے دوران حکومت مرکزی بینک سے کوئی قرض نہیں لے گی، کلائمٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پروگرام کے تحت اے ڈی بی 40 کروڑ ڈالر قرض لیا جائے گا، ویمن انکلوسیو فنانس پروگرام کے تحت اے ڈی بی سے 10 کروڑ ڈالر قرض لیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن پروگرام کے تحت 30 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا جائے گا، رواں مالی سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا کمرشل قرض حاصل کیا جائے گا۔
عالمی مارکیٹ میں گرین بانڈز اور چائنیز مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، چائنیز مارکیٹ میں رواں مالی سال 30 کروڑ ڈالر کا بانڈز ایشو کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق 1039 ارب بیرونی قرضوں پر سود ادائیگیاں اور 8736 ارب مقامی قرضوں پر خرچ ہوں گے۔