نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مشرقِ وسطیٰ کی سنگین صورتِ حال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
ایک بیان میں جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور معصوم انسانی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض فورس سے مظالم فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، خود مختار ریاست فلسطین کا قیام 1967ء سے پہلے کی سرحدوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو تنازعات کے خاتمے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی برادری کو مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے کام کرنے کے لیے مداخلت کرنے کی ضرورت ہے۔