نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین کے مظلوم عوام کی نسل کشی کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں معصوم بچے اور خواتین شہید ہو چکے ہیں، ہم غزہ کے گھیراؤ کی مذمت کرتے ہیں، غزہ میں لوگوں کے پاس پانی ہے نہ خوراک ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے مسئلے پر واضح مؤقف رکھتا ہے، شہری آبادی پر حملوں اور غزہ کے محاصرے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، اسرائیل فلسطین کے بارے میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے، غزہ میں انسانی امداد کے لیے اقوامِ متحدہ سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدیں، القدس الشریف دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطین ریاست چاہتا ہے۔
نگراں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ او آئی سی کا خصوصی اجلاس 18 اکتوبر کو جدہ میں ہو گا جس میں بحیثیت وزیرِ خارجہ شرکت کروں گا، او آئی سی وزرائے خارجہ کے جدہ اجلاس میں انسانی المیہ بھی ایجنڈے پر ہے۔
نگراں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی اسرائیل کے معاملے پر پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں، مشرق وسطیٰ میں فلسطین کے مسئلے کا حل نکالنا انتہائی ناگزیر ہے، پاکستان کی فلسطین پر پوزیشن ماضی سے پیوستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب سے رابطے میں ہیں اور چین کے ساتھ سی پیک پر بات چیت چل رہی ہے، سی پیک کے معاملے پر سیکیورٹی کے حوالے سے بیرونی وجوہات کی بنا پر مسائل ہیں۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم چینی صدر کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم چینی صدر سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں چینی قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
نگراں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ کی فورم کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، وزیراعظم چین کے چوٹی کے کاروباری افراد سے بھی ملاقات کریں گے اور اس دوران متعدد ایم او یوز بھی دستخط کیے جائیں گے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ زراعت، گرین انرجی اور دیگر امور پر یادداشت کے معاہدے دستخط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دورے سے چین اور پاکستان کے باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا، 2 روز بیجنگ میں گزارنے کے بعد وزیراعظم سنکیانگ کا دورہ کریں گے، وزیراعظم سنکیانگ یونیورسٹی میں بھی خطاب کریں گے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ وزیراعظم سنکیانگ میں کاروباری افراد سے ملاقاتیں کریں گے اور وزیراعظم جمعے کی نماز بھی سنکیانگ کی مسجد میں پڑھیں گے۔نگراں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سی پیک سلو ڈاؤن نہیں کیا جائے گا، سی پیک کو تیزی کے راستے پر ڈالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے افغانستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں، ہمیں زلزلے کے بعد افغانستان نے ضروریات کا بتایا تھا، بعد میں افغانستان نے بتایا کہ ان کی ضروریات اندرونی طور پر پوری ہوگئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں یہ تاثر ہے کہ بھارت مختلف ممالک میں جاسوسی و قتل میں ملوث ہے۔