پاکستان اور سعودی عرب نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں غزہ میں مطالبہ دہرایا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں قحط کی صورتحال ہے، انسانی امداد غزہ میں نہ پہنچنے دینے کا کوئی جواز نہیں، یہ معاملہ طاقت سے نہیں، مذاکرات سے حل کیا جائے۔
فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ میں 35 ہزار فلسطینیوں کا قتل عالمی برادری کی ناکامی ہے، خطے میں مزید محاذ آرائی نہیں چاہتے، کشیدگی کو نہ بڑھایا جائے، عالمی برداری کو زیادہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی بند کی جائے، غزہ میں غیر مشروط سیز فائر ہونا چاہیے، پاکستان کو مشرق وسطی کی صورتحال پر بہت تشویش ہے، اہل فلسطین بھوک سے مررہے ہیں، غزہ کی صورت حال پر دنیا کا ضمیر جاگنا چاہیے۔ یہ معاملہ تب ہی حل ہوگا جب 1964 کی قرار داد کے مطابق فلسطینی ریاست قائم ہو، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔