وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم مئی کے وسط میں پاکستان آئے گی جبکہ اسٹاف لیول معاہدہ جون یا جولائی میں ہونے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں بزنس سمٹ 2024 سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں آئی ایم ایف بورڈ کا رواں ہفتے آنے کا امکان ہے اور اس ہفتے کے آخر تک قسط ملنے سے زرمبادلہ ذخائر بہتر ہو جائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ 24 ویں آئی ایم ایف پروگرام میں ہم جا رہے ہیں لیکن اس کے بعد بھی کوئی پروگرام ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور مالیاتی خسارے کو قابو میں رکھنے کا ہدف رکھا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کا پروگرام ہے اور کوئی ہم سے کچھ نہیں کروا رہا ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں کے حوالے سے ہماری اپنی ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کی رجسٹریشن اسکیم کے حوالے سے آنے والے دنوں میں دیکھیں گے، امید ہے اس اسکیم میں بہتری آئے گی اور اس حوالے سے کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔