اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئربیس پر انڈکشن اینڈ آپریشنلائزیشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
اس موقع پر بیڑے میں شامل کردہ نئے ویپن سسٹمز اور دفاعی اثاثہ جات نمائش کیلئے پیش کئے گئے۔
تقریب سے خطاب میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جے-10 سی لڑاکا طیاروں، سی-130 ایچ’۔ ایئربس-319، بوئنگ 737۔ پائپر ایم-600 اور بی کے اے-350 آئی ایئر موبیلٹی پلیٹ فارمز سمیت جدید ترین ہتھیاروں کا جائزہ پیش کیا۔
ائیر چیف کا کہنا تھا کہ جدید ریڈارز، بغیر پائلٹ فضائی نظام، ٹی بی 2 اور شاہپر-2 کے ساتھ ساتھ سوارم ڈرونز، لوئٹرنگ میونیشن صلاحیتوں سمیت لانگ رینج ویکٹرز کی شمولیت نے ملک کی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا۔
آرمی چیف عاصم منیر نے خطاب میں ائیر چیف مارشل کی متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی اور یقین دہانی کروائی کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
تقریب کے بعد پاک فضائیہ کے مختلف لڑاکا اور تربیتی طیاروں بشمول یو اے ویز نے شاندار ائیر شو پیش کرتے ہوئے حاضرین کے دل موہ لئے۔