لاہور:پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی منظوری دے دی ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پروگرام کی لاونچنگ 14 اگست کو ہوگی۔وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت اپناگھر پروگرام کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ اوور سیز پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی اور ریوینیو سروسز کے لیے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ڈاکٹرزکے لیے الاونس بڑھانے اور وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی بھی منظوری دی گئی۔جبکہ پنجاب سکھ آنند کراج میرج رجسٹرار رولز 2024 اور پنجاب سکھ آنند کراج میرج رولز 2024کی منظوری دی گئی جبکہ داتا دربار آئی اسپتال کا انتظام دوبارہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے سپرد کر دیا گیا۔
اجلاس میں یتیم طلبا کو الیکٹرک بائیک دینے کے لیے طریقہ کار کی منظوری بھی گئی اور وزیراعلیٰ نے یتیم طلبا و طالبات کو الیکٹرک بائیک دینے کے لیے پراسس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نوازکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کے سرکاری گھر کی الاٹمنٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں۔