decided

یواے ای کا لبنان میں اپنابند سفارت خانہ کھولنے کافیصلہ

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے لبنان میں 2021 سے بند اپنا سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور لبنان کے نگراں وزیراعظم جنیب میکاتی کے درمیان ابوظہبی میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا جو لبنانی شہریوں کے لیے اماراتی ویزے کے حصول سمیت سفارت خانہ کھولنے سے متعلق اقدامات اٹھائے گی۔

یاد رہے کہ 10 اکتوبر 2021 میں اُس وقت کے لبنانی وزیراطلاعات نے ٹی وی پروگرام میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے یمن جنگ میں جارحانہ کردار پر تنقید کی تھی۔

اس بیان پر سعودی عرب نے شدید احتجاج کرتے ہوئے لبنان کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے جب کہ متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین نے بھی لبنان سے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں