امریکا سے خلا میں سفر کیلئے روانہ ہونے والوں میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی خلا باز نمیرا سلیم بھی شامل ہیں۔
خلائی مشن میں عملے کے 3 ارکان کے علاوہ خلا کے سفر پر جانے والے تین سیاح بھی ہوں گے، جنہوں نے اس سفر کیلئے تگڑا کرایہ ادا کیا۔ سیاحوں کو اس سفر کیلئے تربیت دی گئی ہے۔
خلائی مشن کی ملکیت رکھنے والی کمپنی ورجن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ تین سیاح خلانوردوں کا تعلق امریکا، برطانیہ اور پاکستان سے ہے۔
پاکستانی نمیرا سلیم کا خلاباز نمبر ’’019‘‘ ہے، جنہوں نے ٹکٹ 17 برس قبل 2 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔ نمیرا سلیم مناکو میں رہائش پذیر ہیں۔انہیں خلا میں جانے کا شوق تو بچپن سے تھا اور اتفاق سے مناکو میں ہی نجی طور پر خلائی سیاحت یا ’سپیس ٹورازم‘ کے آغاز کا اعلان ہوا تو ان کی خوشی کا ٹھکانا نہ رہا۔
نمیرا سلیم اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کیلئے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل تھیں اور 2006 میں ہی ٹکٹ خرید لیا تھا۔ وہ ٹکٹ خریدنے والی واحد پاکستانی شخصیت تھیں۔