کراچی پولیس کا نیا چیف کون؟ سندھ حکومت نے مشاورت شروع کردی۔
ایڈیشنل آئی جی منیر شیخ اور ڈی آئی جی آزاد خان کے ناموں کو کراچی پولیس چیف کے عہدے کے طور پر فائنل کیا گیا-
ان کی تعیناتی ممکن نہیں ہوسکی تو ایڈیشنل آئی جی کراچی کے تیسرے امیدوار جاوید عالم اوڈھو ہوں گے، سندھ حکومت کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائم، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی، چوری اور گھروں میں ڈکتیوں کی بڑھتی وارداتوں سے پریشان ہے، جس کے پیش نظر اب ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خادم حسین رند کو نگراں حکومت میں کراچی پولیس چیف تعینات کیا گیا تھا جن کے دور میں بے امنی بڑھی ہے اور پولیس کی جانب سے کوئی خاطر خواہ حکمت عملی نہیں اپنائی گئی-
کراچی میں رواں سال اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں 44 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔
واضح رہے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ماضی میں بھی من پسند افسران کو تعیناتی کرواتی رہی ہے تاہم کسی بھی افسر کے دور میں کراچی میں امن کا قیام یقینی نہیں بنایا جاسکا، سندھ حکومت کے سیاسی بنیاد پر تقرر و تبادلوں سے کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی شرح میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا-
نئے تعینات آئی جی سندھ غلام نبی میمن اس سے قبل بھی بطور آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف قیام امن میں بری طرح ناکام رہے، ناقص کارکردگی کے باوجود سندھ حکومت نے غلام نبی میمن کو ایک بار پھر آئی جی سندھ لگادیا-