اضافی لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک سمیت ہر ڈسکوز پر 5 کروڑ جرمانہ

نیپرا نے مئی/ جون 2022 میں اضافی لوڈشیڈنگ میں ملوث ہر ڈسکو پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے تمام ڈسکوز کی 2 بار سماعت کی، دفاع کا موقع بھی فراہم کیا، ڈسکوز کو ہدایت کی تھی کہ پورا فیڈر بند کرنے کے بجائے جو بل ادا نہیں کرتے، صرف ان کی بجلی بند کریں۔

اتھارٹی کا کہنا تھا کہ 2023 کی گرمیوں میں بھی ڈسکوز کمرشل بنیادوں پر لوڈشیڈنگ میں ملوث پائی گئیں، ڈسکوز لائن لاسز کم دکھانے کیلئے کمرشل لوڈشیڈنگ کا سہارا لیتی ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ان ڈسکوز میں کمرشل بنیادوں پر 4 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی تھی، 2022 میں ڈسکوز کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔

نیپرا کا کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے پر ڈسکوز پر جرمانہ کیا گیا، جرمانہ پشاور الیکٹرک پاور کمپنی، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی اور کے الیکٹرک پر کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں