پی ٹی آئی مہنگائی اور مہنگے بل لائی ،مسائل حل کرینگے ،نوازشریف

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف کا کہنا ہے کہ بجلی کے مہنگے بل عوام کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ ماڈل ٹاون لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لائی ہوئی تباہی مہنگائی اور مہنگے بل لے کر آئی مگرہم مسائل حل کریں گے۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ عوام ہم سے ریلیف کی توقع کرتے ہیں، ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے اور معاشی استحکام واپس لانے کے لیے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کا ثبوت ہے، اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکلات سے راستہ نکالا ہے۔ اس اہم اجلاس میں شریک وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کے لیے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں