اسلام آباد:قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے القادر یونیورسٹی کی زمین کے کاغذات حاصل کرنے کیلئے بحریہ ٹاون کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا۔ذرائع نے بتایا کہ نیب ٹیم نے بحریہ ٹاون کے کارپوریٹ آفس میں موجود ہے اور مرکزی دفتر کے مختلف حصوں کی تلاشی لی۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب ٹیم نے مرکزی دفتر میں موجود ریکارڈ احتساب بیورو کی ٹیم نے قبضے میں لے لیا، اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے ساتھ ایلیٹ فورس کی ٹیم بھی نیب اہلکاروں کے ہمراہ موجود تھی۔ذرائع کے مطابق مرکزی دفتر جانے والے راستوں کو بند کر دیا گیا جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور پیدل جانے والوں کو بھی روک دیا گیا۔
دو روز قبل ملک ریاض نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایک سال سے مجھ پر سمجھوتہ کرنے کے لئے بہت دباو¿ ہے لیکن میں کبھی بھی کسی کو اجازت نہیں دوں گا کہ وہ مجھے سیاسی مقاصد کے لئے پیادہ کے طور پر استعمال کرے۔
ملک ریاض کا کہنا تھا کہ ساری زندگی اللہ نے ہمیشہ مجھے اپنے اصول پر قائم رہنے کی ہمت دی، ملک میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پروجیکٹس متعارف کرانے پر مجھے، اور میرے کاروبار کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، 1996 سے آج تک ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی سزا بھگت رہا ہوں۔