نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم نے کہا ہے کہ سلامتی کو نسل غزہ میں بھی جموں و کشمیر کی طرح قتل عام روکنے میں ناکام رہی ہے ۔
منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی15 رکنی باڈی میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ سلامتی کونسل جس کی ذمے داری عالمی امن کو فروغ دینا ہے لیکن وہ نہ صرف غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی قتل عام کوروکنے میں ناکام رہی بلکہ غزہ کے شہریوں پر ہوتے ہوئے ظلم اور قتل عام کو بھی روک نہیں پارہی ۔
انہوں نے سلامتی کونسل کے ارکان کو بتایا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی طرح بھارت کی 9لاکھ اہل کاروں پر مشتمل قابض فوج نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کوجارحانہ طور پر دبانے کی کوشش کی ہے جسے اس کے انتہا پسند رہنما کشمیر کا حتمی حل کہتے ہیں۔
سفیر پاکستان منیر اکرم کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ سلامتی کونسل کی ناکامی کے بعدجنرل اسمبلی کارروائی کرے گی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرے گی اور غزہ میں متاثرین تک بلا روک ٹوک امداد پہنچائی جائے گی۔