موٹر سائیکل چوری کرکے آن لائن فروخت کرنے والا گینگ گرفتار

کراچی:کراچی میں موٹر سائیکل چوری کرکے آن لائن فروخت کرنے والا گینگ گلبہار پولیس نے پکڑ لیا۔ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گینگ واردات کے لیے تین مرحلوں میں کام کرتا تھا۔ ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق ملزمان پہلے کلیئر موٹرسائیکل کے کاغذات حاصل کرتے تھے پھر چوری کی گئی موٹرسائیکل کے جعلی کاغذات تیار کرتے تھے، ملزمان انجن اور چیسز نمبر ٹیمپر کر کے مختلف آن لائن ویب سائٹ پر فروخت کرتے تھے۔

ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ملزمان کا گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں انتہائی سرگرم تھا،ملزمان نے درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکلیں ٹیمپر کرنے کے بعد فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔گرفتار ملزمان کی شناخت بلاول، شاہ رخ اور رضوان کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے کراچی کے مختلف علاقوں سے چوری کی ہوئی 8 موٹر سائیکل اور 5 چیسز برآمد ہوئے ہیں۔

ملزم رضوان نے انکشاف کیا کہ وہ موٹر سائیکل کے جعلی کاغذات بناتا تھا اور بعد ازاں آن لائن ویب سائٹ پر چوری شدہ موٹر سائیکل فروخت کرتا تھا۔ملزم بلاول نے اعتراف کیا وہ موٹر سائیکل چوری کرنے میں ملوث ہے اور آن ڈیمانڈ موٹر سائیکل چوری کرتا تھا، ملزم شاہ رخ موٹر سائیکل کے انجن اور چیسز نمبر ٹیمپر کرنے کا ماہر ہے اور ٹیمپر کرنے کے 3 ہزار روپے لیتا ہے۔ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں