شہبازشریف وزیر اعظم نہیں صرف کرسی پر بیٹھے ہیں،فضل الرحمان

کوئٹہ :سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ریاست کی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔شہبازشریف ملک کے وزیر اعظم نہیں صرف کرسی پر بیٹھے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ہو یا بلوچستان وہاں مسلح تنظیمیں کھلے عام علاقوں کو کنٹرول کررہی ہیں، بلوچستان کے بارے میں نہیں جانتا مگر خیبرپختونخوا میں سورج غروب ہونے کے بعد پولیس تھانوں میں بند ہوجاتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب آپریشن عزم استحکام شروع کرنے کاکہا ہے، یہ عدم استحکام آپریشن ہے جو ملک کو کمزور کرےگا، مولانا فضل الرحمان نے سوال کیا کہ ملک کو اور کمزور کیوں کیا جارہا ہے؟۔سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف وزیر اعظم نہیں ہیں، بس کرسی پر بیٹھے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم کسی اتحاد کی مخالفت نہیں کر رہے، سیاسی لوگوں کی باہمی مشاورت کا سلسلہ چلنا چاہیے، بات چیت اور مشاورت کے بہتر نتائج آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی سوچ کے ساتھ ایک منزل طے کرنا ہوگی، جمہوریت اور پارلیمنٹ اپنا مقدمہ ہار چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں ایک چھت کے نیچے رہنا چاہتے ہیں، چھت توڑنا نہیں چاہتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں