تربوز ایک بڑے سائز کا اور مہنگا پھل ہے، اس لئے اس کے انتخاب میں کسی غلطی کا نتیجہ ذہنی کوفت اور مالی نقصان کیی صورت میں برداشت کرنا پڑتا ہے۔
میٹھے ، لال اور ذائقہ دار تربوز کے انتخاب کیلئے پہلے اس کی شکل دیکھ لیں۔ ایک مناسب اور ٹھوس اور خوبصورت جلد والے تربوز کے میٹھے نکلنے کے مواقع زیادہ ہوتے ہیں۔ ناہموار اور دبا ہوا تربوز اکثرمیٹھا نہیں ہوتا۔
اب تربوز کو ہاتھوں میں اٹھا کر دیکھ لیں بھاری تربوز عموماً بہتر رہتا ہے۔یعنی دو تربوز اگرسائز میں ایک جیسے لگ رہے ہوں تو ان میں سے وزنی تربوز کا انتخاب کریں۔
تربوز اگر دبانے سے نرم محسوس ہو تو سمجھ لیں کہ ذیادہ پک چکا ہے۔اورکاٹنے پر پانی چھوڑےگا۔اورکھانے میں اچھا محسوس نہیں ہوگا۔ایسے تربوز کو نہ خریدیں۔
تربوز چیک کرنے کا ایک سب سے دل چسپ اور عام طریقہ اس پرہاتھ مار کر ، یعنی اس کو بجا کر چیک کرنا ہے۔اس طریقہ میں تربوز کی آواز سن کر،اس کے اندر کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ تربوز کی آواز میں اگر بھاری پن محسوس ہو تو سمجھ کہ پکا ہوا اور میٹھا ہوسکتا ہے۔
لیکن اگر بجانے پر تربوز کی آواز بھاری ہو اور کڑک پن اور ارتعاش بھی محسوس ہو تو سمجھ کہ یہ تربوز کم پکا ہوا،لیکن میٹھا اور کڑک ہے، اس لئے اسے بھی خریدا جاسکتا ہے۔
لیکن اگر کوئی تربوز بجانے پر زیادہ آواز دے اور ارتعاش بھی زیادہ محسوس ہو تو سمجھ لیں کہ وہ اندر سے قدرے کچا، یعنی کم لال اور کم میٹھا ہے، لہذا اسے خریدنے سے گریز کریں۔
ایک اچھا تربوز 92 فی صد پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ تربوز کے نیچے کی جانب یا ایک طرف پیلے رنگ کا دھبا اگر ہو، تو جان لیں کہ دھبا پکنے کے دوران اس طرف پڑتا ہے جہاں سے تربوز زمین پر رکھا ہوا ہوتا ہے،اس لئے ضروری نہیں کہ ایسا تربوز خراب ہو۔