کراچی: حکومت سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نصر اللہ گڈانی شہید کے اہل خانہ کیلئے شہید کے بھائی محمد بخش گڈانی کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں ایک سادہ تقریب کا انعقاد کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے کیا گیا جہاںپر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نصراللہ گڈانی کے ورثاسے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ انسانی جان کی قیمت نہیں لگائی جا سکتی ہے،قاتل کتنے ہی بااثر کیوں نہ ھوں انہیں ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔
کراچی پریس کلب میںچیک دینے کی سادہ تقریب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سکریٹری سردار لیاقت بھی موجود تھے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے ،آزادی اظہار رائے کے خلاف کسی بھی قانون کو تسلیم نہیں کریں گے. انہوں کہا کہ جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کی بھی جلد خوشخبری دیں گے۔
اس موقع پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی کا کہنا تھا کہ نصر اللہ گڈانی کے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں امدادی چیک دینے پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں۔