کرچی کوشدید گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جب کہ اس دوران کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی اذیت اور پریشانی میں اضافہ ہو گیا۔کراچی میں کے الیکٹرک نے بیشتر علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طور پر 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف شہری شدید گرمی کی وجہ سے مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں، وہیں بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔میٹرک بورڈ کے امتحانات بھی کراچی میں جاری ہیں اور کئی علاقوں میں پرچوں کے دوران لوڈشیڈنگ کی اطلاعات بھی ہیں۔
مسلسل کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا کاروبار تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔ لوڈشیڈنگ سے جو علاقے زیادہ متاثر ہیں ان میں سلطان آباد کیماڑی، کورنگی ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، سرجانی ٹاﺅن، اورنگی ٹاﺅن، کیماڑی، لیاری، محمود آباد، ناظم آباد سمیت دیگر بھی کئی علاقے شامل ہیں۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعوی کیا ہے کہ شہر کے 71 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے، کچھ علاقوں میں کنڈوں کی بہتات یا بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگیوں کے باعث لوڈشیڈنگ مینجمنٹ کی جاتی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک نے مزید بتایا کہ وقت پر کی گئی ادائیگیاں علاقے کی لوڈ شیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جزو ہے۔