کراچی میں فلور ملز ایسوسی ایشن نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آج سے ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی کی 95 فلور ملز نے گندم کی دھلائی کا عمل بند کردیا، جس کے باعث آج 11 جولائی سے فلور ملز گندم کی پسائی بند کردی گئی۔
فلور ملز مالکان کا کہنا ہےکہ آج سے آٹا سپلائی نہیں کریں گے، صرف پہلے سے دھلی ہوئی گندم کی پسائی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں یومیہ 70 سے 80 ہزار گندم کی بوریوں کی پسائی کی جاتی ہے، فی فلور ملز 100 سے زائد مزدور ہیں اور واشنگ بند ہونے سے مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹا واحد چیز ہے، جو سستا ہے، اسے بھی سازش کے تحت مہنگا کیا جارہا، ہم حکومت کو وقت دے رہے ہیں تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو، آج سے ملک بھر کی تمام فلور ملز غیر معینہ مدت کیلئے بند کردی ہیں، جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے فلور ملز نہیں کھولیں گے، ہم ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بن سکتے۔