کراچی کے علاقے لانڈھی کے قریب خودکش دھماکے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق خودکش دھماکے اور فائرنگ سے ہلاک دونوں افراد حملہ آور تھے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہےکہ لانڈھی مانسہرہ کالونی اسٹاپ کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو گاڑی کے قریب دھماکے اُڑایا۔ ہلاک اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے وقت فائرنگ بھی ہوئی، جس میں 2 سکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوئے۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم دونوں کی عمر 30 اور 35 سال کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے جب کہ زخمی ہونے والوں میں نور محمد ولد محمد صدیق عمر 45 سال اور لنگر خان ولد ساون خان عمر 45 سال شدید زخمی ہیں۔
پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں جاپانی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس پر 4 غیر ملکی سوار تھے جو محفوظ رہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے جائے حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش دھماکے میں 2 حملہ آور ہلاک ہوئے جب کہ ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، دھماکے سے ایک گاڑی اور موٹرسائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔