کراچی:شہرکراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں کیماڑی، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، طارق روڈ، پی ای سی ایچ ایس اور اطراف کے علاقوں میں بارش ہوئی۔گلشن معمار، ملیر، ائیرپورٹ، گلستان جوہراور منگھوپیر میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش برسی۔اسی طرح ڈیفنس ، ایف بی ایریا اور بفر زون میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہواو¿ں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔موسمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق جس سسٹم کے تحت کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں بارش ہورہی ہے، وہ بھارتی گجرات سے آرہا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت رین ایمرجنسی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائ شرجیل میمن، سعید غنی، جام خان شورو، میئرکراچی مرتضیٰ وہاب، میئرسکھر ارسلان شیخ اور چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ کراچی میں موسلادھار بارش سے متعلق آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ بارش کا دوسرا اسپیل ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا، دوسرے اسپیل میں بھی کراچی میں بارشیں متوقع ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس نئے اسپیل سے کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹرز ،ٹھٹہ، سجاول، میرپورخاص، سانگھڑ اور نوابشاہ میں 250 سے 300 ملی میٹر جبکہ بدین، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں 500 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کیرتھر رینج پربارش کے نتیجے میں دادو، قمبر، شہدادکوٹ، جیکب آباد اور جامشورو میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو بندوبست کرنے اور تمام ڈویڑنل کمشنرز کو صورتحال کا جائزہ لے کر انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ماہی گیروں کیلئے بھی محکمہ فشریز ضروری ہدایات جاری کرے ، امدادی سامان پی ڈی ایم اے کے اسٹاک میں موجود ہے۔