members and their families

کراچی پریس کلب لائبریری میں اراکین اورانکی فیملی کیلئے کراچی کارنر قائم ہوگا

کراچی: کراچی پریس کلب کی لائبریری میں اراکین اور ان کے اہل خانہ خصوصاً بچوں کے لئے کراچی کارنر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کی لائبریری کمیٹی کا پہلا اجلاس گزشتہ روزکے پی سی لائبریری میں منعقد ہوا جس میں صدر پریس کلب سعید سربازی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں سیکریٹری لائبریری کمیٹی عبد الرزاق ابڑو، رکن گورننگ باڈی نور محمد کلہوڑو، اراکین کمیٹی رضوانہ نقوی، ہارون خالد، جاوید مہر، شمس الواحد اور محمد جمیل شریک ہوئے۔

اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس دور میں لوگوں میں کتابیں پڑھنے کا رجحان کم ہوتا جارہا ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں کہاگیا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اب بھی کتابوں کی اہمیت ختم نہیں ہوئی، جبکہ صحافیوں کو تاریخ، ثقافت اور دیگر اہم موضوعات پر لکھی گئی کتابوں کی ہمیشہ ضرورت رہے گی۔

اجلاس میں کے پی سی لائبریری میں کراچی کارنرقائم کرنے پراتفاق کیاگیا جبکہ کراچی کارنر کے لیے مختلف اداروں اور افراد کو کتابیں ڈونیٹ کرنے کے لیے خطوط لکھے جائیں گے۔ لوگوں میں کتابیں پڑھنے کا رجحان بڑھانے کے لیے لائبریری میں اراکین پریس کلب اور ان کی فیملیز، خاص طور پر بچوں کے لیے خصوصی دن منعقد کیےجائیں گے۔

لائبریری کمیٹی نے صدر پریس کلب سے سفارش کی کہ لائبریری کو ہوادار بنانے اور پرانے اخباروں کو بروقت منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ صدر سعید سربازی نے اس سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں