کراچی: ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

کراچی میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 4D عبداللہ موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر 32 سالہ زوہیب کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال لے جائی گئی، اطلاع ملتے ہی اہلخانہ بھی پہنچ گئے، جہاں رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

لواحقین نے بتایا کہ زوہیب ماموں کے گھر روزہ افطار کرنے سرجانی گیا تھا، غیر شادی شدہ اور موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا-

گولی مقتول کی جیب میں رکھے ہوئے موبائل فون سے پار ہوتی ہوئی سینے پر جا لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے۔

والدین کا کہنا تھا کہ ظالموں نے ہمارا بچہ چھین لیا، شہر کو لٹیروں کے حوالے کیا ہوا ہے، گھر کا کمانے والا چلا گیا اب ہمارا گزر بسر کیسے ہوگا۔

واضح رہےکہ ایک روز قبل اتوار کو بھی ویسٹ زون کے علاقے ڈسٹرکٹ سینٹرل نیو کراچی بلال کالونی تھانے کی حدود میں دکان پر کام کرنے والے عبدالرحمٰن کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جو سرجانی ٹاؤن کا رہائشی تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں