کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں نے آئی ٹی اور لینگویجزکورس کرلئے

کراچی:کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں نے اپنے وقت کو کارآمد بناتے ہوئے انگریزی، چینی زبان سمیت مختلف کورسز کرلیے۔اطلاعات کے مطابق مختلف جرائم میں قید 248 قیدیوں نے کمپیوٹر لیب میں گرافکس، سی آئی ٹی، انگریزی اور چینی زبان سیکھ کر سب کو حیران کردیا۔ قیدیوں میں گریجویشن کی ڈگری صوبائی وزیر جیل خانہ جات،ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری نے تقسیم کیں۔

اسناد کی تقسیم کی تقریب میں جیل افسران بھی موجود تھے یہ تقریب سینٹرل جیل کراچی میں منعقد ہوئی۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے قیدیوں کو اسناد کے ساتھ ساتھ 25 ہزار روپے انعام بھی دیا گیا۔ایک قید کا کہنا تھا کہ قتل کے الزام میں جیل آیا یہاں آکر گرافک ڈیزائننگ سیکھی، ایک اور قیدی نے کہا کہ میں یہاں 302 کے الزام میں آیا ہوں، جیل انتظامیہ نے ایسے پروگرام رکھے ہیں جس سے ہم قیدیوں کا بہت فائدہ ہوا ہے۔

سندھ کے وزیر جیل خانہ جات اور ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے وژن کے تحت جیلوں کو اصلاح گھر میں تبدیل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم روایتی جیلوں کے تصور کو ختم کر کے قیدیوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنائیں گے۔منسٹر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے اس موقع پر حکومت سندھ سے ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈ دینے کی بھی درخواست کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں