کراچی کے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 11ہو گئی ہے، 9 لاشیں جناح، 1 سول اور 1 عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ہے جبکہ اب تک 46 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
جناح اسپتال کی ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات ڈاکٹر نوشین رؤف کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں 7 لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے, لاشوں کی شناخت 32 سالہ کریم بخش، 43 سالہ یونس، 30 سالہ بلال آصف، 55 سالہ کاشف، 35 سالہ وہاج، 25 سالہ اسد اور 23 بلال تاج الدین کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ 2 جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ جناح اسپتال میں 3 زخمی بھی زیرِ علاج ہیں، ایک کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
جناح اسپتال کی ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات ڈاکٹر نوشین رؤف نے بتایا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام مرد ہیں، جاں بحق اور زخمیوں کی عمریں 22 سے 43 سال تک ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ دھوئیں سے دم گھٹنے سے 9 افراد شدید متاثر ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔