سرینگر :کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے تاکہ عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جا رح کی ہے جسے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں اپنایوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں۔
اطلاعات کے مطابق بڑی تعداد میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے اور وادی کشمیر ویرانی کا منظر پیش کرتی رہی۔قابض انتظامیہ نے پوری وادی کشمیر کو فوجی چھاﺅنی میں تبدیل کر رکھا تھااور تمام اہم مقامات اور شاہراہوں پر چوکیاں اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں، جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کیلئے ہیلی کاپٹر وں اور ڈروزنز کے ذریعے پورے مقبوضہ علاقے کی نگرانی کی جارہی تھی۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس سمیت کشمیری رہنماﺅں اور تنظیموں نے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکاراور مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے پر بھارت کی شدید مذمت کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا کے بڑے دارالحکومتوں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔