اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنے نکاح کی تصدیق کردی

لاہور:پاکستان کی سینئر اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنے نکاح کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے تین ماہ قبل شادی کرلی ہے۔2 ماہ قبل اداکارہ نے انسٹاگرام اکاو¿نٹ پر ایک مبہم پوسٹ شیئر کی تھی جس میں ان کا ہاتھ ایک مردانہ ہاتھ میں تھا اور انہوں نے انگلی میں انگوٹھی پہن رکھی تھی، اداکارہ نے اس تصویر پر کچھ واضح کیپشن تحریر نہیں کیا تھا۔البتہ انہوں نے منگنی یا شادی کی خبروں کی تردید بھی نہیں کی تھی۔

اب ایک حالیہ مارننگ شو میں انہوں نے اداکار شہود علوی کے ساتھ شرکت کی اور اپنی شادی کی تصدیق کی۔جویریہ عباسی نے بتایا کہ ان کی بیٹی عنزیلہ عباسی اور ان کے نکاح کے گواہ شہود علوی ہی تھے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تین ماہ قبل مختصر تقریب کے دوران، قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کرلیا ہے اور اب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں۔جویریہ عباسی کا کہنا تھا کہ بیٹی عنزیلہ عباسی نے ہی انہیں شادی کا مشورہ دیا تھا، پہلے ان کی بیٹی اور شوہر کے درمیان تعلق قائم ہوا، اس کے بعد ہی انہوں نے شادی کی۔

جویریہ عباسی کے مطابق ان کے شوہر کاروباری شخصیت ہیں اور ان کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے بتایا کہ بشریٰ انصاری اور ثمینہ احمد نے اس عمر میں شادی کرکے ان جیسی خواتین کو حوصلہ دیا اور انہوں نے بھی شادی سے قبل بشریٰ انصاری سے متعدد بار بات کی تو انہوں نے بھی انہیں جلد شادی کرنے کا مشورہ دیا۔واضح رہے کہ جویریہ عباسی نے پہلی شادی اداکار شمعون عباسی سے نوجوانی میں 1997 میں کی تھی تاہم دونوں نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی، دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں