حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 900 ہوگئی جب کہ غزہ پر 4 روز سے جاری بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی جن میں 140 بچے بھی شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب حماس کے اچانک حملے کے بعد سے اسرائیلی فوج اب تک سنبھل نہیں پائی ہے۔ مختلف جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تعداد 900 سے تجاوز کرگئی جن میں 100 سے زائد فوجی اور پولیس اہلکار سمیت غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بزدلانہ کارروائی میں غزہ میں حماس کے کمانڈرز کے گھروں پر رات بھر بمباری کی۔ اسرائیلی بمباری کا سلسلہ آج چوتھے روز بھی جاری رہا جس میں اب شہید ہونے والوںن کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی جن میں 140 بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار سے زائد زخمی ہوچکی ہیں۔ گزشتہ دو روز سے اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ بجلی منقطع جب کہ خوراک اور ایندھن کی فراہمی معطل ہے۔