اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملے تیز کرنے کا اعلان کردیا

اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملے مزید تیز کرنے کا اعلان کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فضا سے پھینکے گئے پمفلٹ میں فلسطینیوں سے ایک بار پھر غزہ کا شمالی علاقہ خالی کر کے جنوب کی طرف جانے کی وارننگ دی گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ علاقہ خالی نہ کرنے والوں کو عسکریت پسندوں کا ساتھی سمجھا جائے گا۔

غزہ پر بمباری سے تباہی کے بعد اسرائیل نے مغربی کنارے پر پہلا فضائی حملہ کیا اور جنین پناہ گزین کیمپ میں مسجد کو نشانہ بنایا جس میں 2 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے غزہ میں مزید 248 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 2 ہفتے سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعاد 4500 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق اور حلب انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر بھی میزائل سے حملے کیے جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حملوں کے باعث ایئر پورٹس پر فضائی سروس معطل کردی گئی اور پروازیں لاتاکیہ ایئر پورٹ کی طرف موڑ دی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں