امتحانی کاپیوں کی جانچ پڑتال گھروں پر نہ کرنے کافیصلہ

کراچی:انٹر بورڈ کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال امتحانی کاپیوں کی جانچ پڑتال گھروں پر نہیں کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق انٹر بورڈ انتظامیہ نے امتحانی کاپیوں کی جانچ پڑتال گھروں پر نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، پیپرز کی جانچ پڑتال کے لیے سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔

چیئرمین انٹر بورڈ نسیم احمد میمن نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں اساتذہ تنظیموں کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے، یہ فیصلہ ماضی کے تلخ تجربے کی روشنی میں کیا گیا۔انھوں نے بتایا کہ ماضی میں بعض اساتذہ کو پانچ سے دس ہزار کاپیاں فراہم کی گئیں، زیادہ معاوضے کے حصول کے لیے بعض اساتذہ زیادہ کاپیاں حاصل کرتے تھے، اور گھروں پر ہونے والی جانچ پڑتال اساتذہ نے بچوں سے کرواتے تھے۔

چیئرمین انٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال والدین اور طلبہ کی شکایات سامنے آئیں، جب کاپیوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کرائی گئی تو اس میں غلیطوں کی نشان دہی ہوئی۔انھوں نے کہا اب قائم کیے گئے سینٹر پر ہیڈ ایگزامنر کی موجودگی میں کاپیوں کی جانچ پڑتال ہوگی، اس حوالے سے کالجوں کے اساتذہ کی جانب سے ساڑھے تین ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 500 اساتذہ کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں