رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔
ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.31 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق پچھلے 3 ہفتوں سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہورہا، حالیہ ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 30 روپے تک بڑھ گئی، کیلے فی درجن 34 روپے تک مہنگے ہوئے، انڈے فی درجن 19 روپے تک، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 146 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا، لہسن کی فی کلو قیمت میں 22 روپے تک اضافہ ہوگیا۔
رواں ہفتے مٹن کی فی کلو قیمت میں 31 روپے، بڑا گوشت فی کلو 14 روپے، زندہ مرغی فی کلو 6 روپے تک مہنگی ہوگئی۔
برانڈڈ خوردنی تیل پانچ لیٹر کا ڈبا 29 روپے تک سستا بھی ہوا، برانڈڈ گھی اڑھائی کلو 14 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 26 روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 93 پیسے کی کمی واقع ہوئی۔ رواں ہفتے تازہ دودھ، خشک دودھ اور دہی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔