ملک میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی وجہ سامنے آگئی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ کی سست رفتاری 2 سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث ہے۔کراچی سمندر کے قریب ایس ایم ڈبلیو فورکیبل میں خرابی پیدا ہوئی۔ذرائع پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ایس ایم ڈبلیو فورکیبل میں 18 جون 2024 کو فالٹ سامنے آیا، خرابی دور ہونے کی کوئی ٹائم لائن نہیں بتائی جاسکتی۔ذرائع پی ٹی اے کے مطابق اے اے ای ون کیبل میں خرابی ایران اورقطر کی ری روٹنگ کے باعث آئی، یہ خرابی 27 اگست تک دور ہونے کا امکان ہے۔ذرائع پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اے اے ای ون کیبل کی ٹریفک کو متبادل ذرائع پر منتقل کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ر) حفیظ الرحمان نے فائر وال کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے یہ لفظ کہیں نہیں پاکستان میں ویب مینجمنٹ سسٹم ہے جب کہ انٹرنیٹ سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے متاثر ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ فائروال گرےٹریفک کنٹرول کرنے کےلیے ہے، فائروال کا لفظ کہیں نہیں ہے، یہ آپ نے خود بنایا ہوا ہے، کس نے کہا ہے یہ فائر وال ہے،یہ تو ویب مینجمنٹ سسٹم ہے۔ میجر جنرل(ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ اس سسٹم کا صرف سوشل میڈیا سے تعلق نہیں ہے، فائر وال سے پروپیگنڈاکیسے ختم کرسکتے ہیں؟ یہ نہیں کیاجاسکتا، اس وقت سوشل میڈیا پر ججز، وزیر اعظم کے خلاف میمز چل رہی ہیں، اگر ایسے مینج ہوتا تو ہم بند نہ کردیتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں