لاہور:اپوزیشن اتحاد نے حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کے لئے محمود اچکزئی کومکمل اعتماد کاپیغام بھجوادیا ہے۔ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نےجیل سے محمود خان اچکزئی کو مکمل اعتماد کا پیغام بجھوادیا ہے اور اسد قیصر نے محمود اچکزئی سے ملاقات میں مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کا کہا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹی او آر طے کرکے پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم سے رابطہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ محمود اچکزئی مذاکرات کے لیے اتحاد میں سے ایک ایک نمائندہ شامل کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محموداچکزئی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد مولانا فضل الرحمان کواعتماد میں لیں گے، اس سلسلے میں محمود اچکزئی عید کے بعد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی الائنس کے مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت کریں گے۔