اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت وی آئی پی قیدیوں اور عام قیدیوں سے ملاقات پردو ہفتے کی پابندی ختم کردی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر 12 مارچ کو اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق راولپنڈی جیل میں جمعرات سے ملاقاتوں پرپابندی ختم ہوچکی ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہی سے ملاقات ہوسکے گی، راولپنڈی جیل میں موجود تمام قیدیوں کے لواحقین نارمل ایس او پیز کے مطابق ملاقات کرسکیں گے۔
دریں اثنا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، پی ٹی آئی کے 11 سیاسی رہنماوں کو اجازت مل گئی۔ عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں شیر افضل مروت، فیصل جاوید، سالار کاکڑ، علی بخاری، خالد مسعود، ندیم افضل بانتی، ایڈووکیٹ نوید انجم، ساجدہ بیگم، سراج احمد، اسرار اظہر طارق شامل ہیں۔