مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، سری لنکا والا کام ہونے جارہا، عمران خان

بانی تحریک انصاف، سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ میری ساری پیش گوئیاں سچ ثابت ہوئیں، پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا، مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، عوام باہر نکل آئے گی۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی تھریٹ کا جھوٹ بولا گیا، سب کچھ جھوٹ پر چل رہا، فراڈ الیکشن ہوئے، اداروں کی ساکھ ختم کردی گئی۔

انہوں ںے کہا کہ ادارے تباہ ہوچکے، انتخابات میں پی ٹی آئی کو میدان میں نہیں آنے دیا گیا، ووٹر نے پولنگ ڈے پر ان سے بدلہ لیا لیکن ووٹ کے ذریعے تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا گیا، انہوں نے مینڈیٹ چھین کر قوم کی امید ختم کردی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ڈیل کی بات نہیں ہورہی، وکلا تک سے ملاقاتیں بند کردی گئی ہیں، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہمارا پُرامن احتجاج جاری رہے گا، ہم انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پھر پیسہ چلے گا، گزشتہ سینیٹ انتخابات میں گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا تھا، آج تک اسے سزا نہیں ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں