190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

190 ملین پاونڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی، دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے اگلی سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے چارج شیٹ پڑھ کر کیا کرنا ہے مجھے معلوم ہے اس میں کیا لکھا ہے، فرد جرم سنائے جانے پر دونوں ملزمان بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے صحت جرم سے انکار کیا۔

ملزمان کے وکلاء نے چالان کی نقول دوبارہ فراہم کرنے کی استدعا کی تھی، وکلاء سلمان صفدر، ظہیر عباس چودھری اور عثمان گل نے عدالت سے سات دن کا وقت مانگا جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کو پہلے ہی کافی وقت دے چکے ہیں مزید وقت نہیں دے سکتے۔

عدالت نے ایک موقع پر استفسار کیا کہ خان صاحب آپ پہلے بتائیں آپ کے دانتوں کا چیک اپ ہوا کہ نہیں؟ جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نہیں ابھی تک دانتوں کا چیک اَپ نہیں ہوا، جیل انتظامیہ نے کہا تھا اتوار کو ڈاکٹر آئے گا اور اب جیل انتظامیہ کہہ رہی ہے اگلے اتوار کو ڈاکٹر آئے گا۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور دانتوں کے چیک اپ کیلئے جنرل فزیشن اور ڈینٹسٹ کی فراہمی کی درخواست کو منظور کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں