سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں جنرل( ر) باجوہ اور امریکی سفارت خانے کے آفیشلز کو گواہ بنانے کا اعلان کر دیا۔
اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کیا، جنرل باجوہ کو عدالت میں بلاؤں گا۔
عمران خان نے کہا کہ مجھ سے کسی نے مذاکرات نہیں کیے، مجھے جس طرح پکڑا گیا، سب ایک پلان تھا، نواز شریف لندن پلان کے بعد پاکستان آئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ لکھ کر دینے کو تیار ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ جیل میں کسی مشکل میں نہیں، جیل میں رہنا عبادت سمجھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی شکل دیکھی ہی تب تھی جس دن نکاح کیا تھا، بچوں کو اپنی والدہ کے خلاف بیان دینے کا کہہ رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ چند سیاسی رہنماؤں کے پی ٹی آئی چھوڑنے پر شکر ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کیلئے تیار ہے، لندن پلان نوازشریف کو لانے اور ہمیں جیلوں میں ڈالنے ، پی ٹی آئی ختم کرنے کیلئے تھا ، میں آج آپ کو واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی ، حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ 6 اعشاریہ17 کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں،لوگ کیا پاگل ہیں؟ انہیں نہیں پتہ کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔