ملک بھر میں گرمی کی شدت میں مزیداضافے کا خدشہ

ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ تربت اور دادو 45 ڈگری کے ساتھ گرم ترین شہر رہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سبی اور سکھر میں گزشتہ روز 43، نواب شاہ 42، ملتان 41، حیدرآباد اور بہاولپور میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ا س کے علاوہ لاہور میں 40 ڈگری اور کراچی میں 39 ڈگری کی گرمی محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا ہے کہ مئی میں گرمی کی ایک لہر کے باعث ملک بھر میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔ماہرین موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ہیٹ ویو سے بچنے کیلئے سر کو ڈھانپنا اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا ضروری ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اپریل اور مئی میں بارشوں کے باعث ابھی تک گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس نہیں کیا گیا تاہم آنے والے روز بہت گرم گزرنے والے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان پاکستان میں اس سال بھی معمول سے زائد بارشیں ریکارڈ کی جائیں گی جس سے سندھ اور بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب سے درجہ حرارت بڑھنا شروع ہوگا جس کے باعث جنوبی پنجاب کے علاقے بھی ہیٹ ویو کے زیر اثر ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں