ریاض :سعودی حکومت نے بیمار افراد کے حج کرنے پر پابندی عائد کردی۔سعودی وزارت حج کی جانب سے جاری ہیلتھ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 2025کیلئے پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد سفرِ حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو حج 2025سے متعلق ہیلتھ ایڈوائزری موصول ہوگئی ہے۔
ترجمان مذہبی امور کا بتانا ہے کہ مراسلے کے مطابق پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد کو سفرِ حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے، شدید موسم کے پیش نظر صرف تندرست و توانا عازمین کو سفرِ حج کی اجازت دی جائے گی،ترجمان مذہبی امور کے مطابق گردہ ، دل، پھیپھڑے، جگر اور کینسر کے پیچیدہ مریضوں کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ ڈیمنشیا اور متعدی امراض مثلا ٹی بی، تپ دق، کالی کھانسی کے حامل افراد کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہو گی.
ترجمان کاکہنا ہے کہ 12سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہو گی، عازمینِ حج کیلئے گردن توڑ بخار، کرونا، موسمی انفلوئنزا، پولیو ویکسین لگوانا لازم ہو گا۔