کراچی:حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جتنی محنت ہمارا نوجوان ملک سے باہر کرتا ہے، اس کی آدھی یہاں کرے توملک آگے بڑھے گا۔تفصیلات کے مطابق امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بنوقابل فورپوائنٹ زیرو آئی ٹی کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، اللہ نے ہمیں بہت سے خزانے دیے ہیں، ہم نے ان کا صحیح استعمال نہیں کیا، کچھ لوگ ان پر ناگ بن کر بیٹھے ہوئے ہیں، کچھ خاندان 25 کروڑ عوام پر قابض ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہماری 80 فیصد آبادی 40 سالہ تک کے لوگوں کی ہے، اس کا مطلب ہمارے ملک کی اکثریت نوجوانوں کی ہے۔حافظ نعیم نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدہ کرنے والوں نے ہمارے پیسوں پر ڈاکہ ڈالا، کچھ لوگوں نے ہمارے اثاثوں پر قبضہ کیا ہوا ہے، پاکستان کو قبضہ مافیا سے آزاد کرائیں گے، نوجوان ملک پر قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔انھوں نے کہا کہ ہمیں 2 محاذوں پر کام کرنا ہے، آپ نے پڑھ کر دوسروں کو بھی پڑھانا ہے، نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ مایوس نہ ہوں، کچھ سچ کچھ پروپیگنڈہ کرکے نوجوانوں کو مایوس کیا جارہا ہے۔
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ آپ اس ملک میں محنت کریں یہ ملک آگے جائے گا، اپنے دین اور اپنے ملک پر فخر کریں، الخدمت کے پلیٹ فارم سے گزشتہ سال 50 ہزارطلبہ پاس ہوچکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ نوجوانوں! آپ آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد دوسروں کو بھی سکھائیں، آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد جو ڈگری کورس کرنا چاہے گا فری آف کاسٹ کرائیں گے، کورس مکمل کرنے کے بعد ہم آپ کے روزگار کیلئے بھی انتظامات کریں گے۔حافظ نعیم نے کہا کہ 7 نومبر کو پورے پاکستان کو پڑھانے کیلئے لاہور میں بڑا پروگرام کرنے جارہے ہیں، پاکستان کے بڑے شہروں میں اسٹیٹ آف دی آرٹس آفیسز بنانے جارہے ہیں۔