آئی پی پیز کے مسئلے پر28اگست کوہڑتال ہرصورت میں ہوگی،حافظ نعیم الرحمان

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 9 مئی کا ٹرائل سیاسی ہے اس واقعے کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اب سیاست نہیں، آئین سے ماورا کام ہو رہا ہے۔ 9 مئی کا ٹرائل سیاسی ہے اس واقعے کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہیے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی رابطہ عوام مہم چلا رہی ہے۔ حکومت نے دھرنے پر ہم سے معاہدہ کیا، کچھ لوگوں نے ہمارے معاہدے پر پروپیگنڈا کر کے حکومت کی حمایت کی۔ حیران ہوں نواز شریف وفاق کے بجائے صوبے کی سیاست کر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیے اور عوام کو بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف ہونا چاہیے۔ اس معاملے پر 28 اگست کو ہر حال میں ہڑتال ہوگی، حکومت تاجروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرے گی لیکن اس پر کوئی سیاست نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اب اس نتیجے پر پہنچے جس پر ہم کافی دیر پہلے پہنچ چکے ہیں کہ سیاسی اتحادوں کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ ماضی میں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ کسی بھی مسئلے پر جماعتیں ایک مو¿قف اختیار کر سکتی ہیں لیکن اتحاد کی ضرورت نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب جماعت اسلامی کو بھی کسی سیاسی اتحاد کی ضرورت نہیں ہے۔ اتحاد میں پی ٹی آئی نے پلٹا کھایا، حالانکہ ہمارے موقف سے ان کو ہی فائدہ ہونا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ فارم 45 کے مطابق حکومت بنائی جائے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انٹرنیٹ کی کم رفتار نوجوانوں کے ساتھ بہت زیادتی ہے۔ ڈیجیٹل دہشت گردی کے نام پر نوجوانوں کو اپنا دشمن نہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کو نہیں بھولیں گے۔ پاکستان سے امیر جماعت اسلامی کی حیثیت سے ہنیہ کی نماز جنازہ میں شریک ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں